پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر بچہ جاں بحق

 پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر بچہ جاں بحق


کراچی(24نیوز) قائد آباد میں پولیس مقابلہ کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس کومطلوب ملزم شیر کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ قائد آباد میں پولیس مقابلہ کے درمیان سنگین مقدما ت میں مطلوب ملزم شیر کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا،اس دوران دو پولیس اہلکاروں سمیت فائرنگ کی زد میں آکر دو بچے سجاد اور عمر بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا، زخمی پولیس اہلکار عطا اور طاہر انٹیلیجنس ڈیوٹی پر مامور تھے۔

ڈاکٹرسیمی جمالی کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال لایاگیا بچہ سجاد جاں بحق ہوگیا، بارہ سالہ سجاد کے اہل خانہ نے 24 فورنیوز کوبتایاکہ نمازپڑھنے گئے تھے کہ باہر گولیوں کی آوازیں آنا شروع ہوگئیں،سجاد کے سر میں گولی لگی، پولیس کو گلیوں میں احتیاط سے کارروائی کرنے کے احکاما ت دیئے جائیں۔

ذرائع کا کہناتھاکہ پولیس فائرنگ سے جاں بحق بچے سجاد کی نمازجنازہ قائد آباد وکیل ہوٹل کے قریب ادا کردی گئی اورتدفین مولامدد قبرستان میں کی گئی۔