کشمیریوں کا ساتھ دینے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، مشال ملک

کشمیریوں کا ساتھ دینے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، مشال ملک


 اسلام آباد(24 نیوز) مشال ملک نے کہناہے کہ ٹرمپ کی پیشکش پر پوری وادی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی ، کشمیریوں کا ساتھ دینے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتی ہوں ۔

اسلام آباد میں یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کیساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں نے جدوجہد آزاد میں کردار ادا کیاہے، پاکستان کا وزیراعظم اور بچہ بچہ کشمیریوں کےساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے باور کروادیاہے کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لیکر جائیگا، پاکستان تمام عالمی تنظیموں کے دروازے پر جائے گا اور پاکستان کی طرف سے باربار کہا جارہا ہے کہ ہم کشمیریوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے جو بھی دستیاب آپشنز ہیں ان کو بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یاسین ملک اور ان کے تمام ساتھیوں کی جدوجہد رائیگا ں نہیں جائے گی، ہم پوری دنیا میں بھارت کے ظلم وستم کوبے نقاب کریں گے اور کشمیریوں کوان کاحق دلانے کیلئے کردار ادا کریں گے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر میں امن قائم نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے،کشمیر پاکستانیوں کی رگوں میں خون بن کردوڑتاہے، یہ دلوں کے رشتے مضبوط ہونگے اور اس حوالے سے ہندوستان کے منفی عمل کا ہم کشمیریوں کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی شکر گزار ہوں جنہوں نے کشمیریوں کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور دنیا میں جہاں بھی جاتے ہیں وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہیں، سارے کشمیر ی ان کے شکرگزار ہیں۔ مشال ملک نے کہا کہ میں پاکستانی قوم کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستان کے وجود میں آنے کاراز اللہ کی طاقت تھی اور کشمیر کی جدوجہدکا راز بھی یہی ہے کہ ایک نہتی قوم اتنی بڑی فوجی طاقت سے نبرد آزما ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی پیشکش پر پوری وادی میں خودی کی لہر دوڑ گئی تھی ، کشمیریوں کا ساتھ دینے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

Malik Sultan Awan

Content Writer