وقت ثابت کرے گا کہ انتقامی کارروائی ہورہی ہے:نواز شریف


اسلام آباد(24نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات کا مقابلہ کریں گے اور وقت ثابت کرے گا کہ انتقامی کارروائی ہورہی ہے۔
پنجاب ہاؤس میں وکلا اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی اور آئندہ بھی کریں گے، عوامی مینڈیٹ کو چھیننے کا سلسلہ اب رکنا چاہیے اور یہ میرے نہیں بلکہ ملکی ترقی کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وکلا سے ملاقات کے دوران احتساب عدالت میں پیشی اور قانونی نکات پر بات کی جب کہ اس موقع پر مریم نواز ، امیر مقام اور آصف کرمانی بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے نواز شریف کو پشاور اور مظفرآباد میں کامیاب جلسوں پر مبارکباد دی جس پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوامی عدالت نے میری نااہلی کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)محمد صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں