پشاور: ایگری کلچر ٹریننگ سینٹر دہشت گردی واقعہ کے دو ماہ بعد کھل گیا

پشاور: ایگری کلچر ٹریننگ سینٹر دہشت گردی واقعہ کے دو ماہ بعد کھل گیا


پشاور (24نیوز) ایگری کلچر ٹریننگ سینٹر پشاور دہشت گردی کے واقعے کے دو ماہ بعد کھول دیا گیا، تدریسی سرگرمیوں کے آغاز کے پہلے روز سانحے کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ہوئی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریننگ سینٹر کو اکیڈمی کا درجہ تو مل گیا لیکن ادارے کی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات غیر تسلی بخش ہیں۔

  دو ماہ پہلے دہشتگردی کا نشانہ بننے والا پشاور کا زرعی ترقیاتی سنٹر کھول دیا گیا ہے۔ اس موقع پر سنٹر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ پرنسپل ذوالفقار کے مطابق متاثرہ ہاسٹل کا تعمیراتی کام اور سنٹر کی چار دیواری کو بلند کرنے کیلئے سی اینڈ ڈبلیو سے بات چل رہی ہے۔ پرنسل نے اس موقع پر صوبائی اور وفاقی حکومت سے زخمیوں اور شہداء کے لواحقین کو معاوضوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

بچھڑے ساتھیوں کو یاد کرتے ہوئے طلبہ کا کہنا تھا کہ انکے ساتھی تو اب اس دنیا میں نہیں رہے مگر ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ طلبہ نے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

صوبائی حکومت نے زرعی تربیتی سنٹر کو اپ گریڈ کر کے ایگریکلچر سروسز اکیڈمی تو بنا دیا ہے مگر حکومت کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اور سنٹر کا تعمیراتی کام تاحال شروع نہیں ہو سکا۔