شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل دوپہر 2 بجے تک ملتوی


اسلام آباد(24نیوز) احتساب عدالت میں شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت کے جج محمد بشیر کی ملزمان اور وکلاء کوحاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

 احتساب عدالت میں شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت میں نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر عدالت میں پیش ہوئے، سماعت شروع ہوئی تو شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث کی عدم حاضری کے باعث سماعت دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو نواز شریف کے وکلاء کی جانب سے آئندہ منگل تک سماعت ملتوی کی جا نے کی درخواست کی گئی خواجہ حارث نے کہا کہ میرے کل سپریم کورٹ میں کیس ہیں۔ پراسیکیوٹر نیب نے آج کی سماعت ملتوی کرنےکی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گواہ صبح سےموجود ہیں بیان ریکارڈ کیا جائے۔

عدالت کی جانب سے شریف فیملی کے وکلاء کی استدعا مسترد کر دی گئی۔جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کی غیر موجودگی میں بیان ریکارڈ نہیں کیا جا سکتا۔ کل ملزمان اور وکلاء کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے خواجہ حارث کو ملزمان کے ساتھ کل 2 بجے پیش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت بدھ دو پہر دو بجے تک ملتوی کر دی. کپٹن صفدر نے سماعت ملتوی ہونے کے ایک گھنٹے بعد بے وقت کی انٹری ماری، کہنے لگے وکیل نے کہا تھا عدالت آجانا، کمرہ عدالت خالی دیکھا تو واپس لوٹ گئے۔

مزید دیکھیے