چینی باشندے کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار


کراچی (24 نیوز) چینی باشندے کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار ہوگئی۔ ملزموں نے پہلے ہوائی فائرنگ کی پھر چینی باشندے کو نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقہ زمزمہ میں چینی باشندے پر قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ واردات سے کچھ دیر قبل کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں چینی باشندوں کو نیلم کالونی سبزی مارکیٹ میں گھومتے دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں چینی باشندے اپنی گاڑی کے پاس آتے اور پھر واپس لوٹتے بھی نظر آرہے ہیں جہاں شن زو کسی کی وڈیو اور تصاویر بناتا بھی نظر آرہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: میر ہزار خان بجارانی و اہلیہ کی ہلاکت؛ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ مرتب

اس دوران نیلم کالونی میں فائرنگ کے واقعہ میں شین زو نامی چینی باشندہ ہلاک اور زونگ نامی چینی باشندہ زخمی ہوا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا جس کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل ، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس کے مطابق فائرنگ کار سوار ملزمان نے کی۔ ملزمان نے پہلے نائن ایم ایم پستول سے ہوائی فائر کیا اور پھر چینی باشندے کو نشانہ بنایا۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے گولیوں کے 9 خول کی فرانزک جانچ پڑتال سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ اسلحہ اس سے قبل کسی واردات میں استعمال نہیں کیا گیا۔

ضرور پڑھئے: مردان، ننھی اسماء کے قاتل کا پتہ چل گیا، نام خفیہ رکھنے کی ہدایت

جائے وقوعہ کی جیوفینسنگ کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اور ہلاک چینی باشندے شین زو کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہے۔ حملہ میں زخمی ہونے والے چینی باشندے سمیت 6 عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جاچکے ہیں اور جائے وقوعہ کے روٹ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہیں۔