عمران خان کی روحانی رہنما سے تیسری شادی؟ نکاح خواں نے تردید کی بجائے چپ سادھ لی


اسلام آباد(24نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تیسری شادی کرلی؟میڈیا پر عمران خان کی روحانی پیرنی سے تیسری شادی کے چرچے، نکاح خواں نے تردید کی بجائے چپ سادھ لی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بارپھر خفیہ شادی رچالی ہے اور اس بار ان کی دلہن وہ خاتون ہے جن کے پاس وہ روحانی رہنمائی کے لئے جایاکرتے تھے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے رواں سال کے آغاز پر یکم جنوری کی شب لاہورمیں شادی کی ، عمران خان کا نکاح پی ٹی آئی کورکمیٹی کے رکن مفتی سعید نے پڑھایا ، جب ان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خبر کی تصدیق یا تردید سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ مفتی سعید پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے رکن ہیں ، 8جنوری 2015ءکو ریحام خان سے شادی کے موقع پر ان کے نکاح خواں مفتی سعید ہی تھے۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان کے نکاح کی تقریب ڈیفنس ہاﺅسنگ اتھارٹی لاہورکے سیکٹروائے میں دلہن کے قریبی دوست کے گھر میں منعقد ہوئی، یہ پی ٹی آئی رہنماکے بھی قریبی دوست ہیں، دلہن خودبھی گلبرگ 3میں رہائش پذیر ہیں۔ خاتون نے اپنے سرکاری ملازم شوہرسے خلع کیلئے چند ماہ قبل درخواست دائرکی تھی ‘ان کے سابقہ شوہر نے بھی علیحدگی کی تصدیق کردی ہے، ان کے مطابق یہ فیصلہ روحانی وجوہات کی بناءپر کیا گیا ۔

تاہم انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ ان کہ سابقہ اہلیہ نے عمران خان سے شادی کرلی ہے۔ عمران خان کا اس خاتون سے چند برس قبل روحانی رہنمائی کیلئے رابطہ ہوا تھا جوبالآخرشادی کی صورت میں اختتام پذیرہوا، یہ عمران خان کی تیسری شادی ہے۔
یاد رہے عمران خان نے پہلی شادی 16 مئی 1995 کو جمائما خان سے کی جو 9 برس بعد 22 جون 2004 کو طلاق پر ختم ہوئی۔ جمائما خان سے ان کے دو بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان ہیں، ان کی دوسری شادی ٹی وی اینکر ریحام خان سے ہوئی جو بمشکل ہی 10 ماہ چل پائی۔
لاہور میں جب بلاول بھٹو زرداری سے میڈیا گفتگو میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر یہ خبر سچ ہے تو میں عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ویڈیو دیکھیں:


ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے جب مفتی سعید سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے اپنا وہی موقف دہرایامگر جب ان سے تین بار یہ پوچھا گیاکہ کیاوہ یکم جنوری کو لاہورمیں عمران خان کا نکاح پڑھانے کی تردیدکرنا چاہیں گے توانہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔
ادھر ٹوئٹر پر عون چوہدری نے اپنے پیغام میں سینئر صحافی عمر چیمہ کی خبر کو غلط قرار دیا اور کہا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ اور زرد صحافت ہے-

عون چوہدری کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمر چیمہ کے رابطہ کرنے پر عمران خان کی شادی کی افواہ کی تردید کی تھی۔ انہوں نے عمر چیمہ کی خبر کو من گھڑت بھی قرار دے دیا۔

مزید دیکھیں: