نواز شریف جہا ں سے گزرتے ہیں لوگ کہتے ”وی لو یو“:مریم نواز


لاہور(24نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف جہا ں سے گزرتے ہیں لوگ کہتے ”وی لو یو“،مخالفین اداروں کے پیچھے چھپتے ہیں،چیف جسٹس صاحب،کچھ توجہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں بھی دے دیں۔
انہوں نے کوٹ مومن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی نااہل ہوکر بھی سرخرو ہے تو کوئی اہل ہوکر بھی ذلیل ہورہا ہے،ہم نے دن رات محنت کرکے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ہے،این آراو تب ہوتا ہے جب آپ کہیں آفشور کمپنی میری ہے اور نااہل بھی نہ ہوں،پھر کہتے ہیں این آراو ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگیا ہے کسی نے تو چار سال سر پھینک کر کام کیا ہے، کسی نے دھرنوں، سازشوں کے باوجود عوام کیلئے کام کیا ہے ، 2013 سے پہلے کراچی کی ہر گلی میں قتل و غارت ہوتی تھی ، پاکستان کے اندر دہشتگردی کا ڈیرہ تھا، ہر سڑک سے بارود کی بو آتی تھی لیکن آج پاکستان سے دہشتگردی ختم ہو رہی ہے۔ نواز شریف آیا اور جو جو وعدہ کیا وہ پورا کرکے دکھایا، دنیا نے پاکستان کی طرف دیکھنا شروع کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اگلا الیکشن جیت جائیں گے کیونکہ تمام ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو فتح ہوئی، جو لوگ اس سے خوفزدہ تھے انہوں نے پاناما کے نام پر مذاق گھڑا، پاناما کے نام پر ان کی تین نسلوں کا بار بار حساب کتاب ہوا اور ہر چیز کھنگالی گئی اور جب کرپشن کی ایک پائی ثابت نہ ہوئی تو اقامہ نکال کر لے آئے، اقامے کے نام پر پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق ہوا ، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہہ دیا ہے کہ حدیبیہ کا ریفرنس شریف خاندان پر دباﺅ ڈالنے کیلئے استعمال ہوا عنقریب پاناما کے بارے میں بھی سپریم کورٹ سے یہی الفاظ سنیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس ڈکٹیٹر نے آئین اور قانون پر شب خون مارا اسے کوئی عدالت نہیں بلاتی ، کب تک انصاف کا ترازو جمہوریت کو کمزور کرنے کیلئے استعمال ہوتا رہے گا، کب تک منتخب حکومتوں کو کمزور کرنے کیلئے واٹس ایپ زدہ جے آئی ٹیز بنائی جائیں گی، کب تک وزیر اعظم ہاﺅس، پارلیمنٹ ہاﺅس اور سرکاری ٹی وی پر حملہ کرنے والے کو ضمانتیں دی جائیں گی؟۔
میاں نواز شریف نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عدلیہ کو بحال کرایا کارکنوں کا جوش دیکھ کر لگتا ہے کہ نواز شریف عدل کو بھی بحال کرائے گا، نواز شریف اپنے آپ کو مشکل میں ڈال کرووٹ کے تقدس کی جنگ لڑنے نکلا ہے، عوام عدل کی بحالی کی جدو جہد میں ساتھ دیں۔

ویڈیو دیکھنے کیلئے کلک کریں


اس سے پہلے انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار پر طنز کے نشتر برساتے ہوئے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ کچھ توجہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں بھی دے دیں۔پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت بہت بہتر ہے اس لئے سندھ اور خیبرپختونخوا سے لوگ علاج کے لئے پنجاب کے ہسپتالوں میں آتے ہیں۔
یاد رہے کہ ہفتہ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان نے لاہور میں پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت زار پر اظہار برہمی کیا ہے اور ریمارکس دیئے ہیں کہ غریبوں کو مفت دوائی میسر نہیں اور پنجاب حکومت اشتہاروں کی مد میں کروڑوں پروے لٹا رہی ہے۔