جو سب سے بڑا چور ہے وہ ہی کرپشن کی تہمت لگا رہا ہے: نواز شریف


کوٹ مومن (24 نیوز) ن لیگ کے صدر نواز شریف نے کہا کہ جو سب سے بڑا چور ہے وہ ہی کرپشن کی تہمت لگا رہا ہے۔ ایسے نہیں جائیں گے، ایسے نہیں چھوڑیں گے۔ سازشی کینیڈا سے یہاں آکر بیٹھتے ہیں۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ایک اقامے پر نااہل کردوں، لاڈلے کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے تحریک عدل کے تحت پہلا پنڈال آج سرگودھا کے نزدیک کوٹ مومن میں سجا لیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آغاز میں کہا کہ آج ثابت کردیا ، کوٹ مومن نواز شریف اور نواز شریف کوٹ مومن ہے، یہ ساتھ کبھی نہیں چھوٹ سکتا۔ ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا، پورا ملک دیکھ رہا ہے ، آپ نے ثابت کر دیا کہ کوٹ مومن میں نواز شریف کی جان ہے۔ سچ پوچھو تو یہ جلسہ نہیں اللہ کی شان ہے۔ یہ عوام کی عدالت کا فیصلہ اور اس بات کا اعلان ہے کہ نواز شریف کیخلاف فیصلہ عوام کو منظور نہیں۔

نواز شریف نے عدلیہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا کہ عوام نواز شریف کا اہل کر کے بھیجیں اور تم نااہل کردو۔ عوام ، میڈیا والوں سب دیکھ لو یہ تمہارے فیصلے کیخلاف ریفرنڈم ہے جسے عوام نے رد کردیا ہے۔ یہ کہاں کا مذاق ہے کہ آپ ایک ایسے معاملے پر نااہل کردیں کہ نواز شریف نے خیالی تنخواہ نہیں لی، ایک اقامے پر نااہل کرنا کیا صحیح فیصلہ ہے؟ عوام کی عدالت کا فیصلہ پورے پاکستان میں جھومے گا اور لاڈلے کو منہ چھپانے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پتہ کرو کوئی بندہ گھر میں ہے یا سارے یہاں آگئے ہیں۔ مجھے لگتا ہے آج لوگ گھروں کے بجائے اس میدان میں ہیں اور کل سڑکوں پرہوں گے۔ تبدیلی آئے گی اور لوگوں کو انصاف ملے گا۔ ملک میں عدل قائم ہو گا اور غریب سکھ کا سانس لے گا۔ 2013 میں بجلی نہیں آتی تھی، 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی جو آج ختم ہو رہی ہے۔ 4 سال میں ملک کا رخ بدل دیا تھا ، ہم وہ کام کر گئے جو کسی نے 20، 20 سال میں نہیں کیے۔