ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی آندھی اور بارش سے 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی آندھی اور بارش سے 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


اسلام آباد(24نیوز)  تیزآندھی اوربارش سےگرمی کازور تو ٹوٹ گیا لیکن ساتھ ساتھ بجلی کے تاربھی ٹوٹے، فیڈرزٹرپ کرگئے، بل بورڈزاورگھروں کی چھتیں گرگئیں، 6 افرادجاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

ابر رحمت کئی گھروں کے لئے زحمت بن گیا۔ لاہور، گجرات، راولپنڈی سمیت دیگرشہروں میں گھروں کی چھتیں گرنے سے قیمتی جانیں چلی گئیں، متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

ہوائیں چلنے اوربارش برسنے سےگرمی تو رخصت پرچلی گئی لیکن اپنے ساتھ بجلی بھی لے گئی۔لاہورمیں 750فیڈرٹرپ کرگئے ۔ آئیسکو ریجن میں 300 سے زائدفیڈرٹرپ کرگئے۔ گیپکو ریجن میں متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سےگوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، گجرات اورمنڈی بہاؤالدین میں بجلی بندہوگئی۔وہاڑی، سرگودھا، پاکپتن، پتوکی، رینالہ خورد، چکوال، اوکاڑہ اور پسرور میں بھی بجلی غائب ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں تیز آندھی اور بارش، بجلی کی ترسیل کا نظام تباہ ہوکر رہ گیا 

لاہورسندرانڈسٹریل اسٹیٹ میں پنسل فیکٹری میں لگی آگ آندھی کے باعث پھیل گئی۔فیکٹری جل کر راکھ ہوگئی۔  دیپالپور میں ایک گھر میں لگی آگ تیزہوا کے ساتھ پھیل گئی اور کھڑی فصلوں کو لپیٹ میں لے لیا۔

طوفانی آندھی کےباعث لاہورمیں پی آئی اے کے دو طیاروں ایئربس اے 320اور اے ٹی آرجہازکوبھی نقصان پہنچا۔سول ایوی ایشن نے دونوں جہازوں کو مرمت ہونے تک گراؤنڈکردیا جبکہ اسلام آبادایئرپورٹ کی چھت موسلادھاربارش برداشت نہ کرسکی۔ بارش کاپانی ایئرپورٹ کےمختلف حصوں میں جمع ہوگیا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔