سری لنکا، تھائی لینڈ میں قید پاکستانیوں کیلئے خوشخبری

سری لنکا، تھائی لینڈ میں قید پاکستانیوں کیلئے خوشخبری


 اسلام آباد(24نیوز)سپریم کورٹ میں سری لنکا اور تھائی لینڈ سے قیدیوں کی واپسی،راولپنڈی میں زچہ بچہ اسپتال کی تعمیر میں تاخیر اور اسلام آباد ضلعی کچہری میں فائرنگ سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکن بنچ نے سری لنکااورتھائی لینڈمیں قیدپاکستانیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر موقف اختیار کیا کہ سری لنکا سے قیدیوں کی واپسی کیلئے بات چیت چل رہی ہے، تھائی لینڈنے 19 قیدیوں کی منتقلی کیلئے35 ہزارڈالرمانگے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 35 ہزارڈالرکابندوبست کریں اورقیدیوں کوواپس لائیں.

دونوں ممالک میں پاکستانی قیدی انتہائی بری حالت میں ہیں۔سپریم کورٹ نے دونوں ممالک میں قید پاکستانیوں کوواپس لانے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف چیف جسٹس کے بلانے پر بھی عدالت نہ آئے

جبکہ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکن بنچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی درخواست پر راولپنڈی میں زچہ بچہ ہسپتال کی تعیمر سے متعلق مقدمہ کی سماعت کی۔ شیخ رشید نے چیف جسٹس سے استدعا کی کہ آپ ایک مرتبہ ہسپتال کا خود دورہ کریں،تو کام چل پڑے گا، چیف جسٹس نے کہا کہ عید الفطر کے بعد راولپنڈی زچہ بچہ ہسپتال کا دورہ کروں گا، عدالت نے حکومت سے ہسپتال کی تعمیر سے متعلق ایک ہفتے میں مفصل رپورٹ طلب کرلی۔

پڑھنا مت بھولیں: انتخابات میں دھاندلی کا آغاز ہوچکا، نواز شریف

سپریم کورٹ نے اسلام آباد ضلعی کچہری میں فائرنگ سے متعلق مقدمہ فوجی عدالت میں منتقل کرنے کی استدعا مسترد کر دی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم فوجی عدالت میں مقدمہ منتقل نہیں کر سکتے، انسداد دہشت گردی عدالت کیس کی سماعت کر کے تین ماہ میں فیصلہ دے۔

سپریم کورٹ نے میٹرو بس منصوبے سے متعلق سینیٹر مشاہد حسین سید کی درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کردی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مشاہد حسین سید لاہور میں ہیں، انکا مقدمہ کل سنیں گے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔