پرویز مشرف عید کے بعد پاکستان آ رہے ہیں، اے پی ایم ایل کی تصدیق


اسلام آباد ( 24 نیوز ) آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امجد نے کہا ہے کہ الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے۔ پرویز مشرف عید کے بعد پاکستان آ رہے ہیں پرویز مشرف اسلام آباد میں لینڈ کریں گے۔

شہر اقتدار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس اے پی ایم ایل نے عام انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے کل ٹکٹ جاری کر دیئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خصوصی عدالت کا پرویز مشرف کی انٹرپول کے ذریعہ گرفتاری کا حکم

انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف عید کے بعد پاکستان آ رہے ہیں۔ سابق صدر اسلام آباد میں لینڈ کریں گے۔ ان کی آمد کے بعد دیگر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

دوسری طرف سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے سپریم کورٹ کے حکم پر سانحہ بارہ مئی کی از سر نو تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ بارہ مئی سانحہ کی تحقیقات سے متعلق درخواست میں اہم پیش رفت کے بعد دورکنی بینچ نے لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔

پڑھنا نہ بھولیں: اداروں میں مشرف کو پکڑنے کی جرات نہیں، مریم نواز 

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو سانحہ بارہ مئی کیس کی مزید کارروائی کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیں گے۔ کیس میں فیصل صدیقی اور شہاب سرکی ایڈووکیٹ عدالتی معاون مقرر کیے گئے ہیں۔ درخواست میں سابق صدر پرویز مشرف ، بانی ایم کیو ایم، سابق مشیر داخلہ اور میئر کراچی وسیم اختر کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں: شہباز شریف اپنے بھائی نوازشریف سے بہتر وزیر اعظم ثابت ہونگے، پرویز مشرف 

درخواست گزار اقبال کاظمی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے حکم پر ایم کیو ایم نے کراچی میں قتل عام کیا۔ بارہ مئی 2007کو سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کا راستہ روکنے کے لیے دہشت گردی کی گئی۔ دہشت گردی کے واقعات میں پچاس سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ سانحہ کی از سر نو تحقیقات کرائی جائیں۔