"کرکٹ ٹیم نے وطن عزیز کا نام روشن کیا"


لاہور(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ملاقات کی، پنجاب میں کرکٹ کے فروغ خصوصاً جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں میں کرکٹرز کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی  نےملاقات کی ، پنجاب میں کرکٹ کے فروغ خصوصاً جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں میں کرکٹرز کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کیلئے کرکٹ اکیڈمی کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا ، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے، کرکٹ ٹیم نے وطن عزیز کا نام روشن کیا، کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، پنجاب حکومت اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے گی،جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں کے لڑکوں کی کوچنگ کیلئے پی سی بی کی جانب سے کرکٹرز کے دورے کرائے جائیں گے,وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پی سی بی جامع پلان مرتب کرےحکومت پنجاب ممکنہ سہولتیں دے گی۔

پی ایس ایل کے میچوں کیلئے بھی پی سی بی سے ہرممکن تعاون کیا جائے گا، پی ایس ایل کے باعث پاکستان میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی آمد بڑھی ہے،پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوا ہے، ملاقات میں کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی  نےوزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پی سی بی کے دورے کے دعوت دی،  احسان مانی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر چلیں گے۔

مشیر وزیراعلیٰ عون چوہدری، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔