یمن میں امن معاہدہ طے پا گیا

یمن میں امن معاہدہ طے پا گیا


ریاض(24 نیوز)یمن میں امن معاہدہ طے پا گیا،یمنی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل نے ’’ریاض سمجھوتے‘‘پر دستخط کردئیے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل کے درمیان امن سمجھوتے کا اعلان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دارالحکومت ریاض میں کیا، اس معاہدے کو ’ریاض سمجھوتے‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ریاض سمجھوتے پر  یمن حکومت اور جنوبی عبوری کونسل نے دستخط کیے جس کے تحت 7 روز میں یمن کی قانونی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی جنوبی شہر عدن میں واپسی ہوگی۔

سمجھوتے کے مطابق یمن حکومت میں شمالی اور جنوبی یمن کو یکساں نمائندگی دی جائے گی اور مسلح ملیشیا حکومت کے کنٹرول میں آجائیں گی جبکہ تمام ملٹری اور سیکیورٹی فورسز  وزرات داخلہ اور دفاع کے ماتحت ہوں گی۔ 

یاد رہے یمن میں خانہ جنگی کے باعث ہزاروں افراد جان کی بازی ہار گئے،حوثی باغیوں نے کئی بار سعودی تنصیبات پر حملے بھی کیے،آخری بار تیل تنصیبات پر میزائل حملہ کیا گیا جس میں سعودی عرب کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا،امن کیلئے پاکستان نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer