احتساب عدالت نےشہباز شریف کا10 دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا


لاہور( 24نیوز )احتساب عدالت نے اپوز یشن لیڈر شہباز شریف کے دس دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا ہے،نیب نے 14دن کے ریمانڈ کی استدعا کی تھی ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا ہے جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے اندر اور باہر موجود ہے،ن لیگی کارکنوں نے نیب لاہور آفس کا گھیراﺅ کررکھا ہے۔

دس دن کا جسمانی ریمانڈ

نیب نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے،جج نے کمرہ عدالت میں سماعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے وکلا کو اقنے چیمبر میں بلا لیا ہے،کیس کی سماعت اب جج کے چیمبر میں ہورہی ہے۔

شہبازشریف کی نیب ہیڈکوارٹرز لے جانے کے دوران دھکم پیل نظر آئی،اپوز یشن لیڈر کارکنوں اور سکیورٹی کے درمیان شٹل کاک بنے نظر آئے ،پولیس نے عوام کے سامنے بے بس ہوکر ملزم شہباز شریف کو واپس بکتر بند گاڑی میں بند کردیا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی میڈیا سے گفتگو

نیب پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے جبکہ شہباز شریف نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر اڑھائی سو سے زائد لوگ نہیں:فیاض چوہان

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نیب آزاد ادارہ ہے،نیب اپنا کام کررہی ہے،ہر ادارے میں کرپشن ہوئی ہے ،یہ مقدمات 2015ءمیں بنائے گئے تھے تب ن لیگ کی حکومت تھی۔

انہوں نے کہا ہے ن لیگ نے اپنے لوگوں کو نوازا،آشیانہ سکیم میں غریبوں کو گھر نہیں دئیے گئے،ہمیں ایجنسیاں رپورٹ کرتی ہیںہمیں چیزوں کا پتا ہوتا ہے۔سابقہ حکومت کی کارکردگی “کھودا پہاڑ نکلا چوہا،وہ بھی پلاسٹک کا“کی طرح ہے۔

آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے:مریم اورنگزیب

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نااہل لوگ خیبرپختونخوا میں ایک پل نہیں بناسکے، آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، پی ٹی آئی سیاسی میدان میں شکست نہیں دے سکی، اس لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا صاف پانی کیس میں بلایا، مگر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ہے، تفتیش میں ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، حکومت ایسے اقدامات کرے گی تو کارکنوں کاردعمل فطری ہے، مسلم لیگ ن نے قانون کی حکمرانی کی مثال قائم کی ہے۔

اپوزیشن بھی میدان میں آگئی

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف حزب اختلاف نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے،نوے اراکین کے دستخط شد ہ ریکوزیشن میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے،شہباز شریف کا پروڈکشن آرڈر بھی جاری کیا جائے اور اسمبلی میں اس حوالے سے بحث بھی کروائی جائے۔

ن لیگی رہنما ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کیخلاف انتقامی کارروائی ہورہی ہے،سپیکر 14دن کا انتظار نہ کریں فوری اجلاس بلائیں۔

جے یو آئی کے رہنما ءعبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری شرمناک ہے ،کمزور حکومت ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل : نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا

مسلم لیگ ن کےصدر شہباز شریف کو نیب لاہور نے آج طلب کر رکھا تھا، وہ بیان ریکارڈ کرانے نیب آفس پہنچے جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا,  شہبازشریف کی گرفتاری کے حوالے سے نیب نے اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔ نیب کے مطابق شہبازشریف کو ہفتے کو احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائےگا۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کےپرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد اس کیس میں پہلے ہی گرفتار ہیں۔

خیال رہے کہ نیب کی جانب سےسابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو ایک لیٹر لکھا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ آپ کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا کہ صاف پانی  کی فراہمی کے مستقل حل کے بغیر صاف پانی کمپنی قائم کرتےجبکہ پنجاب میں ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی شکل میں آپ کے پاس کو ئی تجربہ کار میکنزم موجود نہیں تھا، آپ نے کس کی سفارشات پر پراجیکٹ پڑھے بغیر  صاف پانی کمپنی قائم کرنے کا حکم دیا تھا ،جبکہ صاف پانی کی فراہمی اور دیگر احکامات کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ کمپنی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، شہبازشریف پر الزامات ہیں کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں انہوں نے قواعد کے برعکس ٹھیکہ پیراگون ڈویلپرز کی پراکسی کمپنی کو دیا ۔ٹھیکہ دینے کے لئےمبینہ طور پر دباو ڈالا اورغیر قانونی ٹھیکے کے ذریعے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔

ترجمان نیب کے مطابق شہباز شریف کو کل لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا ۔