سی پیک میں بلوچستان کو پورا حق دیں گے: وزیراعظم


کوئٹہ(24 نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں بلوچستان کی ترقی پرتوجہ نہیں دی گئی، سی پیک میں پوراحق دیں گے، اقتدارمیں آکرسیاسی جماعتوں نےبلوچستان کانہیں سوچا، صوبے میں کرپشن ایک بڑا ایشوہے، کرپشن پر قابونہ پایاتوملک ترقی نہیں کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان وفاقی وزرا فواد چودھری،خسروبختیار اورشہریارآفریدی اور دیگر حکام کے ہمراہ کوئٹہ پہنچنے پر ایئر بیس پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم وزیر اعلی بلوچستان اور وفاقی وزرا کےہمراہ سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ پہنچے، جہاں انھیں صوبے کی سلامتی ،خوشحال بلوچستان پروگرام معاشی ترقی، سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی اور پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہناتھا کہ خیبرپختونخوا کے بعد اب بلوچستان میں قیام امن ہمارا ہدف ہے،بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔وزیر اعظم نے صوبے میں قیام امن اور معاشی و سماجی منصوبوں میں سکیورٹی فورسز کے کردار کو سرہاتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کی ترقی کیلیے وفاق، صوبے، فوج اور قوم کو مل کام کرنا ہوگا۔ان کا مزید کہناتھا کہ قوم اور اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ملک بالخصوص بلوچستان میں امن و امان کے قیام کی منزل پائیں گے۔