محکمہ اینٹی کرپشن کی کارروائی،دانیال عزیز کے قبضے سے سیکڑوں ایکڑ اراضی واگزار

محکمہ اینٹی کرپشن کی کارروائی،دانیال عزیز کے قبضے سے سیکڑوں ایکڑ اراضی واگزار


سرگودھا (24 نیوز)محکمہ اینٹی کرپشن نے ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز کے خاندان کے قبضے سے 325 ایکڑ اراضی واگزار کرالی، حکام کے مطابق  گزشتہ دور میں سیاسی اثرورسوخ کے باعث کارروائی نہیں کی جاسکی۔

محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا کے ڈپٹی ڈائریکٹر عروج الحسن کی سربراہی میں آپریشن کیا گیا اور تمام 325 ایکڑ اراضی واگزار کرالی۔حکام کا کہنا ہے کہ سورس رپورٹ پر اس سرکاری اراضی کے قبضہ کی تحقیقات کی گئی،  جس سے معلوم ہوا کہ سابق دور میں لیز کینسل ہو چکی تھی لیکن دانیال عزیزکے خاندان نے سرکاری رقبہ غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا تھا ۔

 دوسری جانب دانیال عزیز کے والد چوہدری انور عزیز کا کہنا ہے کہ اس اراضی سے دانیال عزیز سے براہ راست کوئی تعلق نہیں یہ اراضی پہلے ان کے دادا عبدالعزیز چوہدری کو الاٹ ہوئی تھی اور بعد میں ان کے والد چوہدری انور عزیز کے نام منتقل ہوگئی تھی۔ 24 نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں انور عزیز چوہدری نے کہا کہ سرگودھا کی اراضی 1961 میں 20 سالہ لیز پر حاصل کی گئی تھی، مذکورہ اراضی کی متعدد بار لیز کی تجدید ہوتی رہی،کچھ عرصہ قبل محکمہ ریونیو نے لیز کینسل کر دی اور دوبارہ تجدید نہ ہوسکی۔