چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دیں: مولانا فضل الرحمان

04:47 PM, 6 Sep, 2018

پشاور(24 نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت کو جعلی قرار دے دیا اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے2018 کے انتخابات کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا اور ان انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کیا لہٰذا الیکشن کمیشن کے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ اپنی ناکامی قبول کرے اورفوری طور پر چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل عوام کو بیدار کرنے کیلئے ملک بھر میں مہم چلائے گی۔ موجودہ وقت کی حکومت جعلی ہے، اس وقت کے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جعلی ہیں۔ یہ حکمران پاکستان کا نظام چلانے کے قابل نہیں ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نااہلوں کے حوالےکردی گئی ہے، اب ملک کو بچانا ہے، قومی آزادی کو حاصل کرنے کیلئے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں اور تیاررہیں گے۔
یومِ دفاع کی مناسبت کے حوالے سے جے یو آئی (ف) کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کی خا طر ہراندرونی و بیرونی قوتوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ہم پاک فوج کے شہداء کوخراج تحسین پیش کرتےہیں، پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن میں فیصلہ ہوا کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ کیا جائے گا لیکن پیپلزپارٹی نےعین وقت پر شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار کردیا، پیپلزپارٹی کے ووٹ نہ دینے کی منطق سمجھ نہیں آئی۔

مزیدخبریں