ملتان: سپر سٹور میں لگنے والی آگ پر 13گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا

ملتان: سپر سٹور میں لگنے والی آگ پر 13گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا


ملتان (24 نیوز) کینٹ بازار کے سپر سٹور میں لگنے والی آگ پر 13گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔ آتشزدگی سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کا راکھ کا ڈھیر بن گیا۔

24 نیوز کے مطابق ملتان میں کینٹ صدر بازار کے پرنس ڈیپارٹمنٹل سٹور کے تہہ خانے میں صبح شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ نے سٹور کی تینوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کنٹونمنٹ بورڈ، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس کی 19 گاڑیوں نے دن بھر آپریشن میں حصہ لیا۔

ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو ڈاکٹر کلیم اللہ کا کہنا تھا کہ سٹور میں گراسری، کپڑے، کاسمیٹکس سمیت دیگر سامان کے باعث آگ پر جلد قابو نہ پایا جاسکا۔

سٹیشن کمانڈر ملتان بریگیڈیئر حسین نے خود تمام آپریشن کی نگرانی کی۔ آپریشن میں آرمی اور ریسکیو کی دو کرینوں کی بھی مدد لی گئی۔ بعد ازاں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہناتھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے مزید موثر کام کی ضرورت ہے۔ تحقیقات کے بعد پتہ چلے گا کہ آگ کیسے لگی۔

آپریشن کے دوران کینٹ کے علاقہ کی بجلی مکمل طور پر منقطع کر دی گئی۔ جبکہ سٹور کے دونوں اطراف کی تین تین عمارتیں بھی خالی کرائی گئی تھیں۔

اس موقع پر سٹور مالک کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے باعث 32 کروڑ سے زائد مالیت کا نقصان ہوا۔