رواں ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، روپے کی قیمت میں استحکام رہا

رواں ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، روپے کی قیمت میں استحکام رہا


 پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے تیزی رہی ہنڈرڈ انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹ کا اضافہ ہو گیا۔ شئیرز کی مجموعی مالیت اور خرید و فروخت میں بھی بڑھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی اسکیم نے سارا ہفتہ ہی مارکیٹ کو تیزی کو شکار رکھا۔ وزیر اعظم نے جمعرات کو اسکیم کا اعلان کیا۔ لیکن اس انتظار میں باقی دنوں میں بھی بازار میں تیزی ہی رہی۔ ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 47 ہزار کی سطح سے اوپر بھی گیا۔

 ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر ہنڈرد انڈیکس ایک ہزار ستتر پوائنٹ کے اضافے سے چھیالیس ہزار چھ سو اڑتیس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم میں 8 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا۔

 مارکیٹ میں شئیرز کی مجموعی مالیت ایک کھرب 61 ارب روپے کے اضافے سے پچانوے کھرب اکتیس ارب روپے سے تجاوز کر گئی،، ہفتے کے دوران بیرونی سرمایہ کاری کے حجم میں 36 لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا۔ مقامی میوچل فنڈز کی طرف سے بھی 4 کروڑ 54 لاکھ ڈالر مالیت کے شئیرز خریدے گئے۔تاہم لوکل بینکوں نے ایک کروڑ 59 لاکھ ڈالر کے شئیرز فروخت کیے۔

یہ بھی پڑھیں:انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدراور سٹاک مارکیٹ، ہفتہ بھر کے احوال
 
دوسری جانب پاکستانی روپے کی قیمت میں رواں ہفتے کے دورنا تھوڑا استحکام رہا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ دس پیسے سستا ہوا۔ لیکن برطانوی پونڈ اور یورو کے مقابلے میں مہنگا ہو گیا۔  چینی یوان 7 پیسے سستا ہوکر 18 روپے 33 پیسے کا ہوگیا۔  اسٹیٹ بینک کے مطابق ہفتے کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 10 پیسے کے اضافے سے 115 روپے59 پیسے ہوگئی۔

اس دوران روپے کے مقابلے میں یورو کی قیمت 84 پیسے کم ہوکر 141 روپے 93 پیسے، برطانوی پاؤنڈ 39 پیسے کم ہوکر 161 روپے 96 پیسے اور جاپانی یین ایک پیسے کم ہوکر ایک روپے 7 پیسے کا ہوگیا۔ چینی یوان بھی 7 پیسے سستا ہوکر 18 روپے 33 پیسے کا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث روپے کے مقابلے میں دوسری کرنسیوں کی قدر میں کمی دیکھی گئی ہے۔