پاکستان سے تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں: میئر لندن


 اسلام آباد(24نیوز): میئر لندن صادق خان کی وزیرتجارت پرویز ملک سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تجارت پرویز ملک نے میئر لندن صادق خان کے ہمراہ تقریب میں خطاب کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے پرویز ملک نے کہا کہ میئر لندن سے ملاقات انتہائی مثبت رہی، ان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔ وزیر پرویز ملک نے کہا کہ یہاں برطانوی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

میئر لندن کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کیلئے لندن کے دروازے کھلے ہیں، سرمایہ کاری کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعلقات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، مسلمان اور پاکستانی نژاد ہونے پر فخر ہے،انہوں نے کہاکہ ہم ایک دوسرے کی بہت عزت اور احترام کرتے ہیں، پاکستان اور لندن کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان سے تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں، دورے کے موقع پر پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کاروباری افراد کیلئے بہترین ملک ہے۔

میئر لندن صادق خان کا کہنا تھا کہ لندن میں تمام مذاہب کو یکساں آزادی اور احترام حاصل ہے، پاکستانی میڈیا اور پاکستانی مہمان نوازی شان دار ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلیم اور سیاحت میں تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں، جی ایس پی پلس کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، لندن ہر مذہب اور قومیت کا احترام کرتا ہے۔