ملکی سیاست میں نئی تیزی آنے سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی مندی بڑھ گئی

ملکی سیاست میں نئی تیزی آنے سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی مندی بڑھ گئی


اسلام آباد (24نیوز): ملکی سیاست میں آنے والی نئی تیزی نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی مندی بڑھا دی، ہنڈرڈ انڈیکس 11 سو پوائنٹس کی کمی سے 39 ہزار کی سطح سے بھی نیچے بند ہوا، سرمایہ کاروں کے 177 ارب روپے ڈوب گئے۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کا آغاز ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں دو سو پوائنٹس کی کمی پر ہوا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد دوبارہ دھرنوں اور احتجاجی سیاست شروع ہونے کے خدشات سے مارکیٹ مسلسل دباؤ میں رہی، اور ٹریڈنگ کے دوران مندی بڑھتی ہی رہی، کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہزار ایک سو بائیس پوائنٹ کی کمی سے اڑتیس ہزار سات سو چوراسی پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں شئیرز کی مجموعی مالیت ایک سو ستتر ارب اکیس کروڑ روپے کی کمی سے بیاسی کھرب باون ارب روپے رہ گئی، تین سو تریسٹھ کمپنیوں کے شئیرز کا کام ہوا۔ صرف چھیالیس کی قیمت میں اضافہ،، جبکہ تین سو ایک کی قیمت کم ہوئی۔