وزیراعظم عمران خان کی یاسر شاہ کو شاباش

وزیراعظم عمران خان کی یاسر شاہ کو شاباش


اسلام آباد(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے یاسر شاہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے پر مبارکباد دی ، وزیر اعظم کا کہنا  تھا کہ یاسر شاہ کی کارکردگی بہترین ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یاسر شاہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے پر مبارکباد دی، ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہو ئے وزیراعظم عمران خان کا  کہنا تھا کہ" یاسر شاہ نے آسٹریلین کرکٹر کا 82 سالہ ریکارڈ توڑ کر ایک سنگ میل عبور کیا  اور  دنیا کے تیز ترین بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے،پچھلے ہفتے یاسرشاہ نے ایک ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی برابر کیا ہے، یاسر شاہ کی کارکردگی بہترین ہے"۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپینر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ماضی کے تمام ریکارڈ پاش پاش کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کردی اور تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا، یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں کیوی بلے باز ولیم سمر ویلے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے یہ سنگِ میل عبور کیا۔

ان سے قبل آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینر کلیری گریمیٹ نے 82 سال قبل 1936 میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔