مسلم لیگ ن میں وزارت عظمیٰ،وزارت اعلیٰ کے امیدواروں کی لائن لگ گئی


اسلام آباد(24نیوز)میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعدن لیگ میں وزارت عظمیٰ اوروزارت اعلیٰ کے کئی امیدوارسامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق نوازشریف کی نااہلی نے جہاں ن لیگ کو مقبول قیادت سے تو محروم کردیا ہے مگرساتھ ہی پارٹی کو وزارت عظمیٰ کے امیدواروں میں خودکفیل کردیا ہے،میاں نوازشریف اپنے بعداپنی بیٹی مریم نوازکووزارت عظمیٰ کے منصب پردیکھنا چاہتے ہیں،آزادکشمیر کے جلسے میں تو انہوں نے اپنی اس خواہش کا اظہارتو نہ کیاالبتہ اپنے طرزعمل سے بتادیاکہ وہ چاہتے کیا ہیں۔

دوسری طرف شہبازشریف خادم پنجاب سے خادم پاکستان بننے کے سپنے سجائے ہوئے ہیں،انہوں نے تو اپنے تئیں اس کی پوری منصوبہ بندی بھی کرلی ہے،شہبازشریف کے مرکز جانے کی تیاریوں پرن لیگ میں وزیراعلیٰ بننے کے خواہش مندوں کی لمبی فہرست ہے،رانا ثنااللہ انہی میں سے ایک ہیں۔

ن لیگ میں اعلیٰ ترین عہدے کی چاہت رکھنے والے روزبروز بڑھتے ہی جارہے ہیں، وزارت اعلیٰ اوروزارت عظمیٰ کے ان ن لیگی امیدواروں کو شاید بھول ہی گیا ہے کہ الیکشن میں عوام نے بھی کوئی فیصلہ کرنا ہے۔