دودھ کی قیمتوں کو لگنے والے ہیں پر, کراچی والے ہوجائیں تیار


کراچی (24نیوز) ڈیری فارمرز اور کمشنر کراچی آمنے سامنے، ڈیری فارمرز نے شہری حکومت کے ریٹ کو ماننے سے انکار کردیا، دودھ کی قیمتوں کا معاملہ شدت اختیارکر گیا، ڈیری فارمرز نے عملدرآمد شروع کیاتو دودھ 105 روپے فی کلو میں فروخت ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیری فارمرز نے از خود دودھ کی فی لیٹر قیمت 90 روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ کمشنر کراچی نے فی لیٹر دودھ کے نرخ 85 روپے مقرر کررکھ ہیں۔ اس مسئلے پر دودھ فروش کہتے ہیں کہ جب دودھ ڈیری فارمز ہی مہنگا بیچیں گے تو ہم کیسے سستا بیچیں۔ آخر میں گردن دکانداروں کی ہی پکڑی جاتی ہے۔ اس صورتحال میں شہری بھی پریشان ہیں کہتے ہیں مہنگائی بڑھتی جارہی ہے اور شہری حکومت دعوں کے سوا کچھ نہیں کررہی۔

دوسری جانب قیمتوں میں بڑھاوے کے خلاف سکھن تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ جس میں دودھ فروشوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ڈیری فارمرز نے دودھ کے نرخوں میں اضافہ کیا تو شہری 105 روپے فی لیٹر دودھ خریدنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ تاہم سوشل میڈیا پر 8 فروری سے دودھ کی خرید چھوڑ مہم بھی چلنے کے لئے تیار ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ معاملے کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔