میاں نواز شریف کی صحت سے کھلواڑ کیا گیا تو ذمہ دار حکومت ہوگی: مریم نواز



لاہور(24نیوز) مریم نواز نے خاموشی توڑ دی،کہتی ہیں چپ رہ کر سب کچھ سہا،کسی چیز پرسیاست نہیں کی،ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے،مگر اب اگر والد کی صحت سے کھلواڑ کیا گیا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

 سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازحکومت پر برس پڑیں،میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میاں نواز شریف کے علاج کیلئے بورڈ پر بورڈ بنا، ہر بورڈ نے کہا میاں نواز شریف کو دل کا مرض لاحق ہے لیکن علاج نہ کیا گیا،انہیں جیل سے اس ہسپتال لایا گیا جہاں دل کا علاج ہی نہیں ہوتا۔ 

مریم نواز سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہیں،پیغام میں کہا کہ چپ رہ کر سب سہا اور مانگا تو صرف اللہ سے،کسی چیز پر سیاست نہیں کی،مگر اب اگر والد کی صحت سے کھلواڑ کیا گیایا انہیں کوئی نقصان پہنچا توذمہ دارحکومت ہوگی۔

مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ بہت بڑی آزمائش آئی مگر توکل اللہ پررکھا، حکومت سے نہ کبھی علاج کی درخواست کی نہ کریں گے،میری والدہ جب بسترِمرگ پرتھیں،ان خوفِ خداسےعاری انسانوں نےجو اب حکومت میں ہیں ان کی بیماری کا مذاق اڑایا تھا، ظلم کی رات چھوٹی مگر اس کی پکڑ بہت بڑی ہے، مریم نواز نے ٹوئٹ میں میاں نوازشریف کی والدہ سےملاقات کابھی ذکرکیا۔

اپنے والد نوازشریف کو ہسپتال سے جیل لے کر جانے کے بعد مریم نواز شریف نے اپنی والدہ کی قبر پہ حاضری بھی دی۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔