سعودی حکام نے شاہی محل میں احتجاج کرنے پر 11 شہزادوں کو گرفتار کر لیا

سعودی حکام نے شاہی محل میں احتجاج کرنے پر 11 شہزادوں کو گرفتار کر لیا


ریاض (24نیوز)  سعودی حکام نے دارالحکومت ریاض میں شاہی محل میں احتجاج کرنے پر گیارہ شہزادوں کو گرفتار کر لیا، احتجاج کرنے والا گروہ اس حکومتی فیصلے پر برہم تھا جس میں شاہی افراد کے بجلی اور پانی کے بل ادا کرنے سے روکا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا میں تیل برآمد کرنے والے اس بڑے ملک نے اصلاحات کرتے ہوئے توانائی کی فراہمی میں دیے جانے والے زراعانت کو روک دیا تھا اور شاہی خاندان کے ارکان کے لیے بعض مالی فوائد کو کم کرتے ہوئے نئے ٹیکس بھی متعارف کروائے گئے تھے،ان اقدام کی وجہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہونے والے بجٹ خسارے کو کم کرنا تھا۔

شہزادے جمعرات کو قصر الحکم محل میں جمع ہوئے اور پانی و بجلی کے بلوں کی سرکاری خزانے سے ادائیگی روکنے جانے کے حکم کو واپس لینے کے علاوہ 2016ء میں اپنے ایک رشتے دار شہزادہ ترکی بن سعود الکبیر کو دی گئی سزائے موت پر مالی تلافی کا مطالبہ کرتے رہے۔

ہفتہ کو استغاثہ نے ان شہزادوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ "یہ اطلاع دیے جانے کے باوجود کہ یہ مطالبات غیر قانونی ہیں، 11 شہزادوں نے یہ جگہ خالی کرنے سے انکار کیا اور نقض امن میں خلل ڈالا،جس پر سکیورٹی سروسز کے اہلکار وہاں پہنچے اور شہزادوں کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ان شہزادوں کو گرفتاری کے بعد ان پر مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں ال الحیر جیل میں منتقل کر دیا گیا۔