تحریک انصاف کا عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق وضاحتی بیان جاری


اسلام آباد (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے ذاتی معاملے پر خاموشی توڑ دی۔ پارٹی بیان کے مطابق عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی ہے اور جواب کے منتظر ہیں۔ مثبت جواب آنے کی صورت میں عمران خان اسکا اعلان بھی کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق وضاحتی بیان جاری کر دیا۔ پارٹی نے اپنے جاری بیان میں شادی کے متعلق قیاس آرائیوں پر مبنی خبر کو افسوسناک قرار دیا، بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کی نجی زندگی کے بارے میں اسطرح کی خبر نہایت بدقسمتی ہے۔ اس خبر میں ایک ایسی خاتون کو بھی گھسیٹا گیا جو کسی طور عوامی نہیں، ریکارڈ کی درستگی کیلئے عرض ہے کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو شادی کیلئے تجویز کیا۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس اور نجی معاملے کو غلط اور حقائق کے برعکس موضوع سخن بنانا افسوسناک ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ حرکت سے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے بچوں پر انتہائی ناروا دباؤ آیا، جب بھی نکاح کی تجویز قبول کی جائے گی، عمران خان باضابطہ طور پر اسکا اعلان کریں گے، تب تک میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ دونوں خاندانوں کے نجی معاملات کا احترام کرے اور اس پر قیاس آرائیوں سے گریز برتے۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے ٹوئنٹی فورنیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بھی عمران خان کی تیسری شادی کی تردید کرتے ہوئَے کہا کہ عمران خان کی ابھی شادی نہیں ہوئی۔ شادی کی خبریں غلط ہیں بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی گئی ہے، بشریٰ مانیکا نے پیشکش قبول کی تو عمران خان شادی کریں گے۔