"عدالتیں مریم نواز کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیں"



اسلام آباد( 24نیوز ) معاون خصوصی وزیراعظم افتخار درانی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ جے آئی ٹی کا والیم ٹین بھی منظر عام پر لایا جائے، اب جو ان کی بچی کھچی حقیقت ہے وہ بھی سامنے آجائے۔

تفصیلات کے مطابق  نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کی پریس کانفرنس پر وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‏نقل مارنے کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، جب جب محترمہ نے نقل ماری ہے تب تب پکڑی گئی ہیں، انہوں نے کہاکہ جنرل جیلانی سے چھانگا مانگا میں ضمیروں کی خرید و فروخت تک ہر پہلو پر سیاست عوام کے سامنے برہنہ ہے، قوم نے ایسی سیاست کو کوڑے دان میں ڈال دیا ہے۔

افتخار درانی کا کہناتھا کہ ‏عدالتیں پریس کانفرنس کا نوٹس لیں، امید ہے اب ضمانت بھی باقی نہیں بچے گی، وقت آگیا ہے کہ جے آئی ٹی کا والیم ٹین بھی منظر عام پر لایا جائے، اب جو ان کی بچی کھچی حقیقت ہے وہ بھی سامنے آجائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  مریم نواز   نے پرپس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ دینے والے جج کو بلیک میل کیا گیا،مقدمات شروع ہونے سے پہلے فیصلے ہوچکے تھے،مبینہ ویڈیو اور آڈیو ثبوت بھی دکھائے، نوازشریف کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہوئی۔