الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور بلوچستان کا اعلان کردیا


لاہور، کوئٹہ (24نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب  اور بلوچستان کا اعلان کردیا گیا، حسن عسکری کونگران وزیراعلیٰ پنجاب جبکہ علاؤالدین مری کو نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب کرلیا گیا۔

پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم کا معاملہ پہلے صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تھا۔ ان کو حق حاصل تھا کہ وہ باہمی مشاورت سے نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب کریں لیکن سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر میان محمود الرشید کی کئی میٹنگز ہونے کے باوجود انتخاب نہ کیا جاسکا، بعد ازاں معاملہ پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا لیکن وہاں بھی مسئلہ حل نہ کیا جاسکا۔

اہم خبر: خوشخبری! حکومت کا ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنیکا اعلان 

تیسری اور آخری امید الیکشن کمیشن تھی ، الیکشن کمیشن کو اسپیکر پنجاب اسمبلی نے چار نام بھیجے تھے، جن میں تحلیل شدہ صوبائی حکومت کی جانب سے جسٹس (ر) سائر علی اور ایڈمرل (ر) ذکاء اللہ جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کا نام فانئل

 اسی سلسلے میں آج چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران بھی شامل تھے ، باہمی مشاورت کے بعدالیکشن کمیشن نے پروفیسرحسن عسکری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقررکردیا۔واضح رہے کہ پروفیسرحسن عسکری کانام اپوزیشن کی طرف سے دیا گیا تھا۔ 

پروفیسر حسن عسکری کون ہیں؟

پروفیسر حسن عسکری دفاعی تجزیہ کار،سیاسی تھنک ٹینک، مصنف اورسیاست پر دسترس رکھنے والا پروفیسر ہیں۔  انیس سو اڑسٹھ میں پنجاب یونیورسٹی سے سیاسیات اور انگریزی ادب میں بی اے اونرز کی ڈگری حاصل کی ۔برطانیہ سے پولیٹیکل سائنس میں ایم فل کیا۔ 1980 میں امریکا کی یونیورسٹی آف پینسلونیا سے سیاسیات ہی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔  ڈاکٹر حسن عسکری نے کولمبیا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف جرمنی میں بطور استاد بھی خدمات سر انجام دیں۔
نو منتخب نگران وزیر اعلی سیاسیات پرچار کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔پاکستان اوربیرون ملک 125 کانفرنسوں میں شرکت کی۔35 سال تک ملکی اوربین الاقوامی اداروں میں پڑھاچکے ہیں ۔ مختلف اخبارات اور میگزین میں 1800 آرٹیکلز شائع ہوچکےہیں۔
مزید دیکھیں: 

بلوچستان نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری 

دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کا معاملہ بھی صوبائی حکومت اور اپوزیشن میں حل نہیں ہوا جس کے بعد کل پارلیمان کے پاس معاملہ زیر بحث لایا گیا لیکن وہاں بھی اس کا حل نہ نکالا جاسکا، جس کے بعد اسپیکر نے نام الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے ، الیکشن کمیشن نے آج فیصلہ کرتے ہوئے علاؤالدین مری کو نگران وزیر اعلیٰ مقرر کردیا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔