امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف کو فون،تبادلہ خیال

امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف کو فون،تبادلہ خیال


واشنگٹن( 24نیوز ) پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کافی عرصہ سے تناﺅ کا شکار ہیں،امریکیوں کی خواہش ہے کہ ان تعلقات کو ایک بار پھر معمول پر لایا جائے جس میں ان کے افغانستان میں امن کے مقاصد بھی ہوسکتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے پاک امریکا تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی،امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں سیاسی مفاہمت کی ضرورت اور جنوبی ایشیا میں بلاتفریق تمام دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
یاد رہے تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد امریکا نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا شروع کردیے،امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کی سکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔

 یہ خبر بھی پڑھیں:   بھارتی مصنفہ وزیر اعظم مودی پر برس پڑیں
دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔