بلاول بھٹو کا پارلیمانی سیاست میں پہلا قدم، این اے 246 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے


کراچی (24 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان۔ لیاری، لاڑکانہ اور مالا کنڈ سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔

24 نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی سیاست میں پہلا قدم رکھ دیا ہے۔ حلقہ این اے 246 سے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع کرادیئے گئے۔ ان کے کورنگ امیدوار فاروق ایچ نائیک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے نے پارلیمانی سیاست میں آ کر نانا اور بے نظیر کے خوابوں کو تعبیر دینے کا عزم کر رکھا ہے جبکہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز بھی کر چکے ہیں۔ اس سلسلہ میں بلاول بھٹو نوڈیرو بھی پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق مطالبہ پر فیصلہ سناد یا 

علاوہ ازیں جب بلاول بھٹو سٹی کورٹ پہنچے تو سکیورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے تھے۔ کارکنان نے بلاول بھٹو کا پرتپاک استقبال کیا۔ جہاں بلاول بھٹو نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ جمہوریت کا دفاع سوائے بھٹو کے اور کوئی نہیں کر سکتا۔کاغزات جمع کرانے کے بعد بلاول بھٹو پارٹی کے گڑھ این اے 246 لیاری پہنچے اور انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ بلاول کو اپنے درمیان پا کر لیاری کے باسی گھروں سے باہر آ گئے اور ’جیئے بھٹو‘ کے نعرے لگائے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھتو زرداری اپنی والدہ کے حلقے این اے 200 لاڑکانہ کے لیے بھی کاغزاتِ ںامزدگی جمع کرائیں گے۔