پی ایس ایل3 کا فائنل، نجم سیٹھی اور مراد علی شاہ کی ملاقات، رینجرز کا اہم اجلاس


 کراچی (24 نیوز) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کہاں اور کب ہو گا، اس سے تو سب ہی واقف ہیں لیکن تیاریاں کہاں تک پہنچی ہیں اور انعقاد کرنے والی انتظامیہ کیا کر رہی ہے۔

ان تمام سوالات کے جواب مل گئے ہیں۔ کراچی کو کرکٹ کا مرکز بنانے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہو، سب کو اس کا انتظار ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پی ایس ایل تھری کا تاج ملتان سلطان کی طرف سرکنے لگا

فائنل کے انعقاد کو کامیاب بنانے کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں۔ وہ آئے روز اس حوالے سے کسی نہ کسی اہم شخصیت سے ملاقات کر رہے ہوتے ہیں۔ اسی سلسلہ میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نجم سیٹھی نے سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آپ کی ذاتی دلچپسی سے پی ایس ایل فائنل یقینی بنا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ میرے شہر اور میرے صوبہ کے عوام کے وقار کی بات ہے۔ ہم مثالی انتظامات کر رہے ہیں۔ وزیر اعلٰی سندھ نے پی سی بی چیئرمین کو کراچی میں عالمی کرکٹ میچز کروانے کا مشورہ بھی دے دیا۔

علاوہ ازیں رینجرز نے سکیورٹی دینے اور وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامات مثالی بنانے کی یقین دہانی کرا دی۔  پی ایس ایل فائنل کی سکیورٹی کے لیے ڈی جی رینجرز سندھ کی سربراہی میں اعلی سطحی اجلاس ہوا۔

پڑھنا نہ بھولئے:مانچسٹر یونائیٹڈ نے کرسٹل پیلس کے منہ سے فتح چھین لی

ترجمان رینجرز کے مطابق اجلاس میں پی ایس ایل فائنل کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فائنل کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔