نقلی شیر، بلے سے عوام تنگ، 2018 میں تیر ہی چلے گا: بلاول بھٹو


 کراچی (24 نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کارکن الیکشن 2018 کی تیاری کریں۔ نقلی شیر اور بلے سے عوام تنگ ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں تیر ہی چلے گا۔

الیکشن قریب آتے ہی چیئرمیں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھرپور فارم میں آ گئے۔ انھوں نے بلاول ہاؤس میں کراچی میں مصروف ترین دن گزارا۔ جنوبی پنجاب اور آزاد کشمیر کے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کی اور اہم رہنماؤں سے سینیٹ چیئرمین کی نامزدگی پر مشورے بھی کیے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’بابا رحمتے کا کہا قانون نہیں ہو سکتا‘‘ چیئرمین سینیٹ اور سینیٹرز کا چیف جسٹس کے خلاف اعلان جنگ 

جنوبی پنجاب اور آزاد کشمیر کے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد عام انتخابات میں جیالوں کی جیت ہوگی۔ شیر اور بلے کو عوام نے آزما لیا۔ نقلی شیر اور بلے سے عوام تنگ ہے۔ اگلے عام انتخابات میں تیر ہی چلے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور میاں منظور وٹو سے بھی اہم ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور سینیٹ چیئرمین کی نامزدگی سمیت عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی۔

پڑھنا نہ بھولئے: پی ایس ایل3 کا فائنل، نجم سیٹھی اور مراد علی شاہ کی ملاقات، رینجرز کا اہم اجلاس 

صوبائی وزیر سعید غنی، سابق وزیر تسنیم قریشی اور دیگر رہنما بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں تھے ۔ ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے سعید غنی کو ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا چاہتا۔ میں نے سندھ کابینہ کی جو ٹیم بنائی ہے وہ کام کر کے دکھائے۔ حکومت کی ترجیحات عوام کے مسائل حل کرنے پر ہونی چاہیئں۔