کسی بھی جارحیت کی صورت میں مادروطن کا دفاع کیا جائے گا، آرمی چیف



24نیوز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کی صورت میں مادر وطن کا بھر پور دفاع کیا جائے گا.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکےمطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں جیواسٹرٹیجک صورتحال،خطے میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کانفرنس میں مادر وطن کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان 2014 کا بھی جائزہ لیا گیا،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پلواما واقعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش ہے،بھارتی سیکیورٹی فورسز لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے فورسز کی کارکردگی اور حوصلے کو سراہا جبکہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی جارحیت اور مہم جوئی کی صورت میں مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا جائے گا. پاک فوج مادر وطن کے دفاع کیلئے چوکس اور تیار ہے،طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق رہےگا،کوئی بھی خطرہ یارکاوٹ پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتا۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔