بھارتی قید میں ایک اور پاکستانی شہری جاں بحق

بھارتی قید میں ایک اور پاکستانی شہری جاں بحق
pakistani died in indian jail


امرتسر(24نیوز) بھارتی قیدمیں ایک اورپاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا۔ 62سالہ محمد اعظم امرتسر کے گرونانک دیو اسپتال میں انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی جیل میں جاں بحق ہونے والے محمد اعظم کو غیرقانونی طور پرسرحد عبور کرنے کے جرم میں سزاہوئی جو 2016میں مکمل ہوگئی تھی  لیکن محمد اعظم کی رہائی ممکن نہ ہوسکی۔

اس سے قبل بھی ایک پاکستانی قیدی بھارت کی جیل میں شہید کیا گیا۔ شاکرا للہ نامی پاکستانی شخص کو بھارت کی جیل میں بھارتی قیدیوں نے بےدردی سے شہید کیا جس کے بعد بھارتی حکام نے لاش پاکستان کے حوالے کر دی۔ شاکراللہ کا قصور تھا کہ وہ ایک پاکستانی تھا اور دوہزار تین میں غلطی سے ورکنگ باؤنڈری پار کرکے بھارت میں چلاگیا تھا۔بھارتی درندوں نے بےقصور شاکراللہ کو پکڑلیا، شاکراللہ 16 سال جے پورکی جیل میں ناکردہ گناہوں کی سزا کاٹتارہا،شاکر کے غم میں اس کے والدین بھی جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

شاکر اللہ کی میت جب واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان کے حوالے کی گئی تو اس موقع پر اس کی فیملی بھی موجود تھی۔ شہید شاکراللہ کے بھائی شہزاد گلفام نے بتایا کہ شاکراللہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، وہ بارڈرکے قریب میلہ دیکھنے گیا اور غلطی سے سرحد پار چلا گیا تھا۔

واضح رہے کہ  پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو صحیح سلامت بھارتی حکام کے حوالے کیا تھا۔ ابھی نندن کو پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا تھا۔ بھارتی طیاروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تھی جس پر پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا ۔ ایک طیارہ پاکستان کی حدود آزاد کشمیر میں گرا جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا تھا۔ پاکستان کی حدود میں گرنے والے بھارتی پائلٹ نے پیرا شوٹ کھول کر کر اپنی جان بچائی تھی۔ پاکستان کی حدود میں گرنے پر پاک فوج نے ابھی نندن کو حراست میں لیا۔ گرفتار بھارتی پائلٹ نےحراست میں لیے جانے کے بعد بتایا کہ وہ بھارتی فضائیہ کا ونگ کمانڈر ہے اور اس کا سروس نمبر 27981 ہے۔ بھارتی پائلٹ پاکستان کے اچھے رویے سے متاثر ہوا اور ویڈیو بیان دیتے ہوئے پاکستان فوج کو سلام پیش کیا اور کہا کہ  پاک فوج پیشہ وارانہ مہارت رکھتی ہے۔ اس نے کہا کہ بھارت جاکربھی اپنےبیان پرقائم رہوں گا۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت قومی اسمبلی میں اعلان کیا کہ پاکستان خطے میں امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو بھارت واپس بھیج رہا ہے جس کے بعد اسے واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام کے حوالے صحیح سلامت واپس کر دیا گیا لیکن بھارت نے پاکستان کی لاج نہ رکھی اور بھارت کی جیلوں میں 2 پاکستانیوں کو جاں بحق کر دیا۔ 

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔