رواں مالی سال ، پنجاب کو منصوبوں کے لیےتخمینے سے 24فیصد کم رقم ملی


لاہور(24نیوز) پنجاب کو رواں مالی سال مختلف منصوبوں کے لیے عالمی اداروں اور ملکوں کی طرف سے تخمینے سے 24فیصد کم رقم ملی، اورنج لائن منصوبے کے لیے بھی پوری رقم نہ مل سکی۔

 رواں مالی سال پنجاب کو اورنج لائن سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 117 ارب 10 کروڑ روپے کے غیر ملکی قرضے ملنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، لیکن 89 ارب 35 کروڑ ڑوپے ہی مل سکے،  اورنج ٹرین منصوبے کے لیے رواں سال چین سے 93 ارب 45 کروڑ 52 لاکھ روپے قرض ملنا تھے، تاہم عدالتی کاروائی کی وجہ سے منصوبے پر کام بند رہنے کے باعث 71 ارب 49 کروڑ 60 لاکھ روپے ہی ملے۔

یہ بھی پڑھیے:احسن اقبال پر فائرنگ کی ویڈیو 24نیوز کو موصول 

عالمی بینک سے چار منصوبوں کے لیے 7 ارب 11 کروڑ روپے ملنے کی توقع تھی، 3 ارب 59 کروڑ روپے ملے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی مختلف منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 15 ارب 44 کروڑ روپے کی بجائے13 ارب 73 کروڑ روپے فراہم کیے، انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر کی طرف سے جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمے کے پروگرام کے لیے 49 کروڑ 73 لاکھ روپے قرض کا وعدہ تھا، لیکن صرف 9 کروڑ 27 لاکھ روپے ہی مل سکے۔