نمک کی پیداوار کے اعتبار سے تحصیل قائد آباد اپنی مثال آپ

نمک کی پیداوار کے اعتبار سے تحصیل قائد آباد اپنی مثال آپ


خوشاب ( 24 نیوز ) خوشاب کی تحصیل قائد آباد ، نمک کی پیدوار کے لحاظ سے دنیا بھر میں اپنی الگ شناخت رکھتی ہے، پاکستان کی مجموعی پیداوار کا 80 فیصد سے زائد نمک یہاں پیدا اور سپلائی ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قائد آباد نمک سے تیار ہو نے والے ہینڈی کرافٹس دنیا بھر میں پسند کئے جاتے ہیں۔ نمک کے ہر رنگ کے برتن، ٹیبل لیمپ، گلدان، ایش ٹرے اور  دیگرخوبصورت پائیدار چیزیں خاص مقبولیت رکھتی ہیں۔ عام طور پر لوگ یہ کارآمد چیزیں بچیوں کو جہیز میں دیا کرتے تھے۔ یہاں نمک کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے اور پورے ملک میں سپلائی کیا جاتا ہے۔ شہرمیں جگہ جگہ نمک پیسنے کی فیکٹریاں قائم ہیں جہاں ہزاروں مزدور کام کرکے اپنے خاندان کا پیٹ پالتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں اس صنعت میں وسیع جدت دیکھنے کو ملی ہے۔ ہنرمند نمک کی ٹائیلز بہت سلیقے سے تیار کرنے لگے ہیں جو بیرون ملک بھیجی جاتی ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سینکڑوں قسم کے نمک کے بنے ڈیکوریشن پیسز بھی تیار کیے جا رہے ہیں جن میں ٹیبل لیمپ خاصی اہمیت کے حامل ہیں۔

نمک سے ایک ایسا صابن تیار کیا جا رہا ہے جو سرد ملکوں میں سکن الرجی سے متعلق مسائل کیلئے خاص سمجھا جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے انسانی مسام کھل جاتے ہیں اور جلدی امراض ختم ہو جاتے ہیں۔ یہ صابن بہت سے ملکوں کو بھیجا جا رہا ہے جسکی طلب میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈیکوریشنز پیسز کی طلب بھی دن بدن بڑھ رہی ہے، یہاں سے گیارہ قسم کا نمک بھیجا جا رہا ہے اگر حکومت اس شعبے پر توجہ دے اور خصوصی مراعات کا اعلان کرے تو اس صنعت کو مزید ترقی دی جا سکتی ہے۔