بارش برسانے والا طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی

بارش برسانے والا طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی


اسلام آباد(24 نیوز)شہر بے مثال کے دلکش رنگ بارش کے بعد نکھر گئے، ٹھنڈی ہواؤں اور بارش سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق چلچلاتی دھوپ اور زور پکڑتی گرمی کی اسلام آباد میں سیاہ بادلوں اور رم جھم پھوار نے چھٹی کر دی۔ شہر میں صبح سویرے موسم کی رنگینیاں اس وقت سامنے آئیں جب صبح میں رات کا سما بندھ گیا۔ بادلوں کے آنچل میں دن کی روشنی چھپتے ہی بادل خوب گرجے برسے۔

محکمہ موسمیات نے گرمی سے ستائے عوام کو خوشخبری سنائی کہ بارش برسانے والا ایک انتہائی طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔ یعنی بارش برسانے والی ہواوں کی شدت بہت زیادہ ہے نہ صرف جڑواں شہروں بلکہ ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں بھی آج صبح سے بدھ کے دوران وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا امکان ہے اور ملکہ کوہسار مری میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے۔جبکہ جنوبی وسطی پنجاب، کے پی کے، سندھ اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

یہ بھی ضرور پڑھیں:گھر کی لونڈی بنایا گیا تو ن لیگ چھوڑ دوں گا: چودھری نثار 

  واضح رہے کہ موسم کے نازو انداز کی خبر دینے والوں نے خبردار بھی کیا ہے کہ انتہائی تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے بھی بہت زیادہ امکانات ہیں اور شدید ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔طوفانی بارشوں کی وجہ سے مری کے مختلف علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا۔ اس لیے دوران طوفان غیر ضروری طور پر گھروں سے احتیاطاً باہر نکلنے سے گریز کریں۔ سائن بورڈز وغیرہ کے قریب کھڑے ہونے سے بھی اجتناب کریں.