شامی حملے اور ہلاکتیں، ٹرمپ ٹاور میں آتشزدگی، کینیڈا میں 14ہاکی پلیئرز ہلاک

شامی حملے اور ہلاکتیں، ٹرمپ ٹاور میں آتشزدگی، کینیڈا میں 14ہاکی پلیئرز ہلاک


24 نیوز: شام کے شہر دوما پر فوج کا حملہ، 70 ہلاک، باغیوں کا کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام، نیویارک کے ٹرمپ ٹاور میں آگ لگ گئی، امریکی صدر موجود نہ تھے، امریکی کمپنی لاک ہیڈ سپرسانک طیارہ بنانے کو تیار۔

24 نیوز کے مطابق شام کے شہر دوما میں فوج کی کارروائی میں 70 افراد ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ باغیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ شامی فوج نے کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ تاہم سرکاری ٹی وی نے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ باغی ایسی باتیں کر کے دوما کا محاصرہ ختم کرانا چاہتے ہیں۔دوسری طرف امریکا کا کہنا ہے کہ وہ کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی تحقیقات کررہے ہیں لیکن الزام درست ہے تواس کا ذمہ دار روس ہے۔

جرمنی کے شہر میونسٹر میں ایک شخص نے اپنی وین ریسٹورنٹ کے باہر کھانا کھانے والے افراد پر چڑھا دی۔ جس کے نتیجہ میں 4 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد ملزم نے خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔ پولیس کے مطابق واقعہ دہشت گردی نہیں، ملزم ذہنی مریض تھا۔

 

نیویارک میں واقع 56 منزلہ ٹرمپ ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی جس میں ایک شخص زخمی ہوا۔ آگ بجھاتے ہوئے 3 فائر فائٹروں کو بھی چوٹیں آ گئیں۔ عمارت میں امریکی صدر کا ایک گھر اور دفتر بھی ہے۔ تاہم ٹرمپ اس وقت واشنگٹن میں تھے۔ ٹرمپ نے فوری کارروائی پر نیویارک پولیس اور فائر فائٹروں کی تعریف کی ہے۔

لندن کے مصروف ترین شاپنگ مرکز آکسفورڈ اسٹریٹ میں 6 ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے جیولرز شاپ لوٹ لی۔ ہتھوڑوں سے دروازہ نہ کھلنے پر ڈاکوؤں نے فلمی انداز سے تیز رفتار موٹرسائیکل سے ٹکر مار کر دروازہ توڑ دیا۔ ملزم تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے۔

امریکی کمپنی لاک ہیڈ ناسا کو سپرسانک مسافر طیارہ بنا کر دے گی۔ اس سلسلہ میں ناسا اور لاک ہیڈ کے درمیان 24کروڑ 75 لاکھ ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا۔ سپر سانک مسافر طیارہ کی پہلی تجرباتی پرواز 2021 میں متوقع ہے۔

کینیڈا میں ہونے والے ٹریفک حادثہ میں ڈرائیور سمیت جونیئر ہاکی ٹیم کے 14 کھلاڑی ہلاک ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہمبلٹ برونکس کی ٹیم میچ کھیلنے جا رہی تھی اور ان کی بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔