سپریم کورٹ نے سعد رفیق کی امنگوں پر پانی پھیر دیا

سپریم کورٹ نے سعد رفیق کی امنگوں پر پانی پھیر دیا


اسلام آباد( 24نیوز )ن لیگ کے رہنماءخواجہ سعد رفیق کے ار مان خاک میں مل گئے، سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 لاہور میں دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔

خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر (آر او) سے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جس میں عمران خان کی کامیابی برقرار رہی تھی تاہم ان کی کامیابی کا مارجن کم ہو کر 608 رہ گیا تھا،سابق وزیر ریلوے نے ان نتائج کو بھی قبول نہیں کیا اور ہائیکورٹ میں فیصلہ چیلنج کردیا جس پر لاہور ہائیکورٹ نے پھر گنتی کا حکم دے دیا گیا،پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اپنے وکیل کی وساطت سے سپریم کورٹ چلے گئے۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 131 میں عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو 680 ووٹوں سے شکست دی تھی،عمران خان نے مجموعی طور پر 84313 ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ ان کے مد مقابل امیدوار خواجہ سعد رفیق نے 83633 ووٹ حاصل کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:  نتائج روکے جانے سے پی ٹی آئی کا کیا نقصان ہوگا؟

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے 4 اگست کو خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر سماعت کی اور الیکشن کمیشن کو این اے 131 میں عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا،یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سعد رفیق کی درخواست کی وجہ سے اس حلقے سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا، جس پر پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے وکیل بابر اعوان کے توسط سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے آج اس درخواست پر مختصر سماعت کی اور پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 131 میں دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔