زلفی بخاری، فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل

زلفی بخاری، فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل


اسلام آباد(24نیوز) آف شور کپمنیاں رکھنے والے عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا گیا ہے.

کپتان کی قربت رکھنے والے ذوالفقار عرف زلفی بخاری کے خلاف نیب راولپنڈی میں آف شور کمپنیوں کے الزامات کی تحقیقات چل رہی ہیں. تفتیشی ٹیم سے تعاون نہ  کرنے پر نیب نے زلفی بخاری کا نیب ای سی ایل میں شامل کرنے کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کمیٹی کی سفارش پر زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا گیا ہے  اور اس حوالے سے تمام ائیر پورٹس پر امیگریشن حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

پڑھنا مت بھولیں: سپریم کورٹ نے سعد رفیق کی امنگوں پر پانی پھیر دیا

دوسری جانب نیب ذرائع کا دعوی ہے کہ انہیں زلفی بخاری کے خلاف لندن سے کچھ اہم دستاویزی ثبوت بھی ملے ہیں جو آف شور کمپنیوں سے متعلق ہیں جو غیر قانونی آف شور کمپنیوں کے الزامات کو ثابت کرنے کے لئے بہت اہم ہیں۔  نیب حکام کا کہنا ہے کہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود تاحال زلفی بخاری نے سوالنامے کا جواب نہیں دیا  جبکہ زلفی بخاری نے 24 نیوز  سے بات کرتے ہوئے  نیب الزامات کو مسترد  کیا اور موقف اپنایا ہے کہ وہ پیدائشی طور پر برطانوی شہری ہیں۔  آف شور کپمنیاں انکے لندن میں بزنس کا حصہ ہیں۔  نیب سوالنامے کا جواب لندن میں اپنے لیگل ایڈوائزر سے مشاورت کے بعد دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نتائج روکے جانے سے پی ٹی آئی کا کیا نقصان ہوگا؟

دوسری جانب سابق وزرائے  اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کردیا گیاہے۔  فواد حسن فواد کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے جس کی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے منظوری دی تھی۔یاد رہےکہ نیب فواد حسن فواد کے خلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کی تحقیقات کررہا ہے جب کہ فواد حسن فواد کو 5 جولائی کو نیب لاہور نے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد گرفتار کیا تھا۔
 
 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔