مریم نواز کی گرفتاری،شہباز شریف نے بڑے حادثے کا عندیہ دیدیا

مریم نواز کی گرفتاری،شہباز شریف نے بڑے حادثے کا عندیہ دیدیا


لاہور(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مریم نوازشریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  تاریخ کے دوراہے پر کھڑی قوم کو نالائق حکمران تباہی کی طرف لیجارہا ہے، قوم کو مسلسل خبردار کررہا ہوں، جھوٹ کی ترجمانی بند نہ ہوئی تو بڑا حادثہ ہوگا ،جھوٹ اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر مریم نوازشریف کی بلاجواز گرفتاری غلط موقع پر سراسرغلط اقدام ہے ۔

میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام میں اندھی حکومت میں نہ ظرف ہے اور نہ ہی اتنی دانائی کہ معاملات کی نزاکت کو سمجھے۔ عید سے قبل مریم نوازشریف کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟؟ نواز شریف اور اس کے نواسوں کے سامنے مریم نواز شریف کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت ایسی اوچھی حرکتوں سے نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کو نہیں جھکا سکتی، یہ کیسا احتساب اور انصاف ہے کہ گرفتاری بعد میں ہوتی ہے اور خبر پہلے آجاتی ہے، کشمیر کے محاذ پر قوم کی رسوائی کا باعث بننے والی حکومت اپنی پے درپے حماقتوں سے بی جے پی کو سیاسی فائدہ پہنچارہی ہے، عمران نیازی اپوزیشن فتح کرنے کے بجائے کشمیرپر قومی مفادات کی حفاظت پر توجہ دے ۔مریم نوازشریف کو اس لئے گرفتار کیاگیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ریلیاں اور جلسے کیوں کررہی ہے؟ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کشمیریوں کو آوازبلند کرنے سے روک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیازی پاکستان میں اپوزیشن کو کشمیریوں کے حق میں سرگرمیوں سے روک رہا ہے مریم نوازشریف کی گرفتاری ثبوت ہے کہ نالائق اعظم ایک نہتی لڑکی سے کس قدر خوفزدہ ہے ،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے آگے سر نہیں جھکائیں، قومی مفادات کا سودا نہیں کرنے دیں گے، ہم سب کو بھلے کالا پانی بھجوا دیں لیکن جھوٹ کے پردے میں قومی مفادات نیلام نہیں ہونے دیں گے۔ اپوزیشن کو دیوار سے لگایاجارہا ہے، نیازی منصوبہ پاکستان پر نافذ نہیں ہونے دیں گے، یہ سازش بے نقاب ہوچکی ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer