بھارتی فورسز کی جنازے پر فائرنگ، 2 افراد شہید

بھارتی فورسز کی جنازے پر فائرنگ، 2 افراد شہید


مظفر آباد (24 نیوز): ایل او سی کے سرحدی گائوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے جنازہ کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور بزرگ خاتون زخمی ہوگئیں۔

عباس پور پولیس کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ و گولہ باری ضلع پونچھ کے عباس پور سیکٹر کے گاوں پولاس کاکوٹہ میں اس وقت کی گئی، جب مقامی افراد ایک شخص کی تدفین میں مصروف تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس میں اس نے مقامی گرائونڈ میں تدفین کرنے والوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

عباس پور میں وکیل افضل کیانی نے بتایا کہ مقامی افراد نے ابھی میت کو قبر میں اتارا ہی تھا کہ شیلنگ شروع ہوگئی۔لوگوں نے درختوں کے پیچھے پناہ لینے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود 2 افراد مارٹر گولے کے اسپلنٹرز لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد اقبال کیانی اور ان کے کزن شوکت کیانی کے ناموں سے ہوئی، جو قریبی گاوں شافر کے رہائشی تھے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ شوکت کیانی نام کمیشنڈ افسر (صوبیدار) تھے جو چھٹیاں گزارنے اپنے گھر آئے تھے۔ ان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباس پور کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال (ٹی ایچ کیو) منتقل کیا گیا۔

واضح رہےکہ رواں سال بھارتی شیلنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 46 ہوچکی ہے، جبکہ 257 افراد زخمی ہوئے۔