ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ،تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا

ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ،تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا


لاہور (24نیوز)  پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کویاد گار بنانے کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا ،پنجاب سپورٹس فیسٹیول کے بعد ابھی تک نیشنل ہاکی سٹیڈیم میچ کے لئے بنیادی سہولیات سے محروم ہے ،سابق کپتان محمد عثمان نے سٹیڈیم کی فوری تزین وآرائش کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے بعدملک میں ہاکی ورلڈ الیون کے کھلاڑی اپنے جلوے بکھیرنے کو تیارہیں ، ورلڈ الیون اور پاکستان ہاکی ٹیم کے درمیان سیریز کا دوسرامیچ 14 جنوری کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی ایچ ایف نے سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردیا لاہور میں میچ کی تیاریوں کے حوالے سے پی ایچ ایف حکام کو مشکلات کاسامنا ہے ،حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والے پہلے سپورٹس فیسٹیول کے بعد ابھی تک سٹیڈیم میں میچوں کے لئے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔

ٹیموں کے بیٹھنے کے لئے ڈگ آؤٹ موجود نہیں ہیں ،قومی ٹیم کےسابق کپتان محمد عثمان نے صوبائی حکومت سے فوری طور پر سٹیڈیم کی تزین وآرائش کا مطالبہ کردیا۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان نے ورلڈ کپ1990کا فائنل کھیلنے کے ساتھ ساتھ 1994 میں آخری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی اسی تاریخ میدان پر جیتی تھی۔