عمران خان نے قوم کو بھرپور قیادت فراہم کرنے کا اعلان کردیا

عمران خان نے قوم کو بھرپور قیادت فراہم کرنے کا اعلان کردیا


اسلام آباد (24نیوز) بیت المقدس کے حوالے سے امریکی صدر کا بیان، عمران خان نے قوم کو بھرپور قیادت فراہم کرنے کا اعلان کردیا، تحریک انصاف نے آئندہ چند روز میں لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی اعلی قیادت کا اہم ترین اجلاس اسلام آباد میں ہوا,اجلاس میں بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرنے کے امریکی صدر کے اعلان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پوری قوم اہل فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑی اور امریکی اقدام کے خلاف سراپا احتجاج ہے, اسلامی سربراہی کانفرنس کا فوری انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے, او آئی سی کے 13دسمبر کے اجلاس پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں، عمران خان امت مسلمہ کے مفاد سے جڑے اس اہم ترین معاملے پر قوم کو جلد لائحہ عمل دینگے, اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ کے مندرجات پر خصوصی غور کیا گیا جبکہ وزیراعلی پنجاب اور وزیر قانون کے فوری استعفی کا مطالبہ کیا گیا اور رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے پاس منصب پر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق مستقبل کے لائحہ عمل کی تیاری کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کیلئے 6 رکنی وفد تشکیل دیا جائے، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، چوہدری سرور، علیم خان ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید وفد میں شامل ہوں گے۔ وفد کل لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کرے گا۔

تحریک انصاف کا لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کا بھی اعلان کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی اور میاں محمود الرشید پر مشتمل دو رکنی وفد تحریک انصاف کی نمائندگی کرے گا۔

اجلاس میں پاک، چین اقتصادی راہداری منصوبے میں ایک کھرب مالیت کی کرپشن کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ حکومت سے سی پیک سے جڑے تین منصوبے پر کام رکنے کے حوالے سے حقائق فوری قوم کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کیا گیا.