جعلی ڈگریوں والے قومی ائیرلائن میں بھی پہنچ گئے

جعلی ڈگریوں والے قومی ائیرلائن میں بھی پہنچ گئے


24نیوز : پی آئی اے کے 12پائلٹس اور73 کیبن کریو ممبران کی ڈگریاں جعلی نکلیں، رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی گئی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے تفصیل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے میں 498 پائلٹس ہیں جن میں سے 12 کی ڈگریاں جعلی ہیں۔ 1864 کریو ممبران میں سے 73 جعلی ڈگری ہولڈر ہیں، 146 کی ڈگریاں تصدیق کے مرحلے میں ہیں، شاہین ایئرلائن کے 172 پائلٹس اور کیبن کریو عملہ 538 افراد پر مشتمل ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے ایک سال پہلے نوٹس لیا تھا، آج تک کچھ نہیں ہوا ڈگری جعلی ہے تو تحقیقات کس بات کی؟ سول ایوی ایشن کے نمائندے نے بتایا کہ جعلی ڈگری والے پائلٹس کے لائسنس معطل کردیئے ہیں۔ 2 مہینے کا وقت دیں، تحقیقاتی رپورٹ پیش کردیں گے۔ چیف جسٹس بولے کہ گھنٹوں کی بات کریں، آپ تو مہینے مانگ رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی کہاں ہیں؟ آج کل پی آئی اے کے سی ای او کون ہیں؟ عدالت نے جعلی ڈگری ہولڈرز کا تمام رکارڈ ماتحت عدالتوں سے مانگ لیا۔ سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔