رواں ہفتے بھی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکاررہی

رواں ہفتے بھی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکاررہی


کراچی ( 24 نیوز ) ملکی اقتصادی صورتحال میں بے یقینی کے باعث رواں ہفتے بھی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار رہی، انڈیکس تقریبا 5 فیصد گر گیا، مارکیٹ میں سوا سال کے بعد کسی ایک ہفتے کے دوران اتنی زیادہ مندی دیکھی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ہفتے کے دوران مندی کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس میں 1934 پوائنٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی،  اگست 2017 کے بعد کسی ایک ہفتے میں انڈیکس میں اتنی زیادہ کمی دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں کمی اور شرح سود میں اضافے کے بعد وزیر خزانہ اسد عمر کے اقتصادی صورتحال میں بہتری کے دعوی پر سرمایہ کار یقین کرنے کے لیے تیار نہیں جس کے باعث مارکیٹ کی صورتحال بہتر نہیں ہو رہی۔

ہفتے کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 38 ہزار 562 پر بند ہوا، مارکیٹ میں شیئرز کی مجموعی مالیت 277 ارب روپے کی کمی سے 77 کھرب 82 ارب روپے رہ گئی، ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری کے حجم میں مزید 25 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں مالی سال کے دوران اب تک غیر ملکی سرمایہ کار مارکیٹ سے 51 کروڑ 12 لاکھ ڈالر نکال کر لے جا چکے ہیں۔