پاکستان اور خطے میں استحکام کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو جاری رکھنا ہوگا:آرمی چیف


راولپنڈی(24نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 208ویں کورکمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے تعاون قومی مفاد کو ملحوظ رکھ کر جاری رکھا جائے گا، آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان اور خطے میں استحکام کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو جاری رکھنا ہوگا-

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی صدارت میں کور کمانڈرز اور پرنسپل اسٹاف افسروں نے سکیورٹی معاملات اور امریکی پالیسی پر غورکیا، فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں مکمل امن کی بحالی تک انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھی جائے گی، علاقائی امن و سلامتی اور استحکام کیلئے دیگر شراکت داروں سے قومی مفاد ملحوظ رکھتے ہوئے تعاون جاری رہیگا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور خطے کے امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے طویل عرصہ تک دہشتگردی کے خلاف جاری مہم کو جاری رکھنا ہوگا،اجلاس میں آپریشن ردالفساد کا بھی مفصل جائزہ لیا گیا، کانفرنس نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر2003 کی فائربندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کو قیام امن کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا ہندوستان کو سوچ سے بھی زیادہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔