شہباز شریف نے مجھے قتل کرانے کی کوشش کی: عمران خان


لاہور (24نیوز)تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ عابد باکسر شہباز شریف کے لیے جعلی پولیس مقابلے کرتا تھا،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہباز شریف لوگوں کو مارنے کے لیے پولیس افسران کو حکم دیتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عابد باکسر نے اعتراف کیا کہ شہباز شریف کے کہنے پر پولیس مقابلے کرتا تھا،پھر شہباز شر یف نے مجھے مروانے کی کوشش کی تو میں فرار ہو گیا۔چیئر مین تحریک انصاف نے کہا کہ عابد باکسر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم کے بغیر کسی کو قتل نہیں کرتے تھے،سبزہ زار میں بھی 5نوجوانوں کو پولیس کے ہاتھوں مر وایا گیا۔

میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف برادران کسی بھی جگہ جلسہ کر لیں،اگلے روز اسی جگہ پر تین گنا زیادہ بڑا جلسہ کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار جب بھی پاکستان آئیں،انہیں جیل میں ڈالا جائے اور طبیعیت کا بہانہ نہ سنا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخواہ کی پولیس دیگر صوبوں کی پولیس کے مقابلے زیادہ صلاحیت رکھتی ہے،عاصمہ اور اسما قتل کیس میں پولیس نے پیشہ وارانہ طریقے سے کام کیا،مشال خان قتل کیس میں بھی پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ہجوم کو سزا ملی۔